وارڈنز کو 14 فروری سے نئی یونیفارم پہننے کی ہدایت
افسران اور وارڈنز نئی یونیفارم خود سلوائیں گے :ٹریفک پولیس حکام
لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس کے افسران اور وارڈنز کو 14 فروری سے نئی یونیفارم پہننے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق افسران اور وارڈنز نئی یونیفارم خود سلوائیں گے ، جس کے لیے فی کس 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 2روز میں تمام ٹریفک وارڈنز کو 5،5 ہزار روپے ادا کر دیے جائیں گے ۔ نئی یونیفارم کے تحت فیلڈ میں تعینات ٹریفک وارڈنز ڈارک بلیو پینٹ اور وائٹ شرٹ پہنیں گے ، جبکہ دفاتر میں تعینات سٹاف کوٹ استعمال کرے گا اور خواتین وارڈنز سکارف لیں گی۔ٹریفک پولیس حکام نے مزید بتایا کہ 12 فروری تک تمام وارڈنز زیرو کٹ اور نئی یونیفارم کے ساتھ مکمل طور پر تیار رہیں تاکہ مقررہ تاریخ سے نئی ڈریس کوڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔