کچہ میں سکیورٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پراتفاق
شرپسند وں کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی:آئی جی عبدالکریم
لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت کچہ ایریا میں جاری پولیس آپریشن کے حوالے سے فالو اپ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پولیس انفراسٹرکچر اور آپریشنل سٹریٹیجی کو مزید مضبوط بنانے بارے تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں کچہ ایریا میں امن و امان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کیلئے سکیورٹی اقدامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ ایریاز میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق تمام ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔کچہ کے علاقوں میں حکومتی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور شرپسند عناصر کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کچہ پولیس آپریشن کیلئے بھرپور سرپرستی اور ضروری وسائل کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔آئی جی نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیورٹی انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس اور مختلف منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔