پی پی 142 ، 147 :منصوبوں کیلئے فنڈز کا باقاعدہ اجرا نہ ہو سکا

پی پی 142 ، 147 :منصوبوں کیلئے فنڈز کا باقاعدہ اجرا نہ ہو سکا

قومی اسمبلی کے حلقوں میں کھیلوں کے لیے بھی خطیر فنڈز نہ مل سکے

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )شہری بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے اربوں روپے مختص کیے گئے تھے ، مگر ترقیاتی اداروں کی سست رفتار عملدرآمد کے باعث منصوبے مطلوبہ رفتار حاصل نہ کر سکے ۔پی پی 142 اور پی پی 147 میں سیوریج سکیم کیلئے دو ارب تین کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے ، تاہم اب تک اس منصوبے کیلئے فنڈز کا باقاعدہ اجرا نہ ہو سکا۔ اسی طرح پی پی 139، پی پی 140 اور پی پی 149 میں ایک ترقیاتی منصوبے کیلئے دس کروڑ روپے رکھے گئے تھے مگر یہ رقم بھی خرچ نہ ہو سکی۔پی پی 195 میں ڈسپوزل سٹیشن کی تعمیر کے لیے اسی کروڑ بائیس لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے ، لیکن منصوبہ عملی مرحلے میں داخل نہ ہو سکا۔اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقوں میں کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بھی خطیر فنڈز رکھے گئے تھے ۔ این اے 118 میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیے اسی کروڑ بائیس لاکھ روپے ، این اے 123 میں تینتیس کروڑ چوہتر لاکھ روپے اور این اے 126 میں اکیس کروڑ روپے مختص کیے گئے ، تاہم یہ منصوبے بھی تکمیل سے محروم ہیں۔بجٹ میں ان سکیموں کی باقاعدہ منظوری کے باوجود بیشتر منصوبوں پر کام شروع نہ ہونے سے منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے درمیان خلا واضح ہو گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں