فنڈز کی کمی،تاچپورہ واٹر ٹینک منصوبہ تاخیر کا شکار

فنڈز کی  کمی،تاچپورہ  واٹر ٹینک منصوبہ تاخیر کا  شکار

لاہور کا دوسرا بڑا واٹر ٹینک رواں برس مون سون سیزن سے قبل فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا،مجموعی لاگت ایک ارب چار کروڑ اکسٹھ لاکھ چھیاسی ہزار روپے مقرر واٹر ٹینک کا مقصد مون سون کے دوران جمع ہونے والے بارشی پانی کو محفوظ بنانا تھا، انتظامیہ کی وسائل کے حصول کیلئے پنجاب حکومت سے فنڈز جاری کرنیکی درخواست

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں مالی مشکلات ایک بار پھر رکاوٹ بننے لگی ہیں۔ واسا کا تاجپورہ واٹر ٹینک منصوبہ، جسے شہر کے بڑے بارشی پانی ذخیرہ منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے ، تکمیل کے آخری مرحلے میں پہنچ کر فنڈز کی کمی کا شکار ہو گیا ہے ۔تاجپورہ بی بلاک میں تعمیر ہونے والے بتیس لاکھ گیلن گنجائش کے اس زیر زمین واٹر ٹینک کا مقصد مون سون کے دوران جمع ہونے والے بارشی پانی کو محفوظ بنانا اور شہری آبادیوں کو اربن فلڈنگ کے خطرات سے بچانا ہے ۔ منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب چار کروڑ اکسٹھ لاکھ چھیاسی ہزار روپے مقرر کی گئی تھی جبکہ یہ منصوبہ مالی سال 2021-22 اور 2022-23کے ترقیاتی پروگراموں کا بھی حصہ رہ چکا ہے ۔ذرائع کے مطابق منصوبے کی فزیکل پراگریس اٹھانوے فیصد سے تجاوز کر چکی ہے ، تاہم مالیاتی پیشرفت پچھتر فیصد تک بھی نہیں پہنچ سکی۔ مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث سائٹ پر جاری فنشنگ ورک سست روی کا شکار ہے اور بعض اہم کام تاحال مکمل نہیں ہو سکے ۔لاہور کا دوسرا بڑا واٹر ٹینک رواں برس مون سون سیزن سے قبل فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم باقی ماندہ فنڈز کی بروقت فراہمی اب اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ناگزیر بن چکی ہے ۔ واسا انتظامیہ نے درکار وسائل کے حصول کے لیے پنجاب حکومت سے فنڈز جاری کرنے کی درخواست بھی کر رکھی ہے ۔شہر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑھتے بارشی چیلنجز کے تناظر میں اس منصوبے کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔کیونکہ اس کی تکمیل سے تاجپورہ اور ملحقہ علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں