قصور:مکان میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کا سامان خاکستر

قصور:مکان میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کا سامان خاکستر

آگ شاٹ سرکٹ سے لگی، ریسکیو گاڑیوں نے تنگ راستوں سے بمشکل پہنچ کر قابو پایا

قصور(نمائندہ دنیا) قصور کے نواح بنگلہ کمبواں میں شارٹ سرکٹ سے رہائشی مکان میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ بن گیا۔ تفصیل کے مطابق قصو رکے نواح بنگلہ کمبواں کے ایک گھر میں بجلی کے شاٹ سرکٹ کی وجہ سے اچانک چنگاریاں اڑیں جس نے مکان میں موجود سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا عملہ فائر ٹینڈرز کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوا، تاہم گنجان آباد علاقہ اور انتہائی تنگ گلیاں ہونے کے باعث ریسکیو کی گاڑیوں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں شدید ترین مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف آگ پر مکمل قابو پایا بلکہ اسے اردگرد کے دیگر مکانات تک پھیلنے سے بھی روک دیا جس سے علاقہ بڑے حادثے سے محفوظ رہا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے ، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گھر میں موجود قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں