تلونڈی:دکان منیجر سے جھگڑا فائرنگ ،مرکزی ملزم گرفتار
تلونڈی(نامہ نگار)تلونڈی کے ڈریم ٹاؤن میں فائرنگ،علاقہ میں خوف وہراس ،مرکزی ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔نواحی علاقہ ڈریم ٹاؤن میں ایک دکان پر معمولی تلخ کلامی مبینہ طور پر فائرنگ کے واقعے میں تبدیل ہو گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق کھبے بقاپور سے آنے والے چند افراد اور دکان منیجر کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کنگن پور کامران شہزاد اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ۔