کشمیری امیدوار وں کو بغیر اضافی فیس ٹیسٹ دینے کی اجازت

کشمیری امیدوار وں کو بغیر اضافی فیس ٹیسٹ دینے کی اجازت

اوورسیز کے بچوں کے پری ایڈمیشن انٹری ٹیسٹ سے استثنیٰ کی بھی منظوری

لاہور (خبرنگار )پنجاب یونیورسٹی ایڈمشن کمیٹی کا اجلاس پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں تعلیمی سال 2026-27  کے انڈرگریجوایٹ داخلوں سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایسے امیدواروں کے لیے خصوصی رعایت کی منظوری دی گئی جو غیر معمولی حالات کے باعث پہلے انٹری ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکے تھے ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایسے امیدوار دوسرے انٹری ٹیسٹ میں بغیر کسی اضافی فیس کے شرکت کر سکیں گے ۔کمیٹی نے انڈرگریجوایٹ داخلوں کے جاری عمل کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی کہ داخلوں سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل کیے جائیں اور داخلہ عمل کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے باہمی رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے ۔بین الاقوامی طلبہ کے داخلوں کے عمل کو مزید مؤثر اورمنظم بنانے کے لیے کمیٹی نے غیر ملکی طلبہ کیلئے مختص نشستوں پر داخلوں سے متعلق جامع طریقہ کار اورسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز تیار کرنے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی۔کمیٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لیے مختص کوٹہ کے تحت درخواست دینے والے امیدواروں کو یونیورسٹی کے پری ایڈمیشن انٹری ٹیسٹ سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں