پمز آتشزدگی کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی قائم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پمز آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جب کہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
انکوائری کمیٹی آتشزدگی کے فوری سبب اور واقعے کی مکمل ٹائم لائن کا تعین کرے گی، کمیٹی پمز ہسپتال کے عملے، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لے گی۔
کمیٹی نومولود بچوں کی منتقلی، خصوصاً ہائی رسک نوزائیدہ بچوں کے محفوظ انخلا سے متعلق ہنگامی ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی، جبکہ پمز میں موجود فائر سیفٹی انفراسٹرکچر اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کی صورتحال بھی جانچے گی۔
انکوائری کمیٹی واقعے میں کسی فرد کی ممکنہ غفلت یا ذمہ داری کا تعین کرے گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی، اس کے علاوہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے پمز کے انتظامی نظام میں ضروری اصلاحات کی سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں یہ واضح کیا گیا کہ انکوائری کمیٹی فوری نوعیت کی سفارشات پر مشتمل عبوری رپورٹ 48 گھنٹوں کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے گی، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات اور قابلِ عمل سفارشات پر مشتمل جامع رپورٹ پانچ روز کے اندر وزیراعظم کو پیش کرنا ہوگی۔
دوسری جانب وزارتِ قومی صحت کو انکوائری کمیٹی کو فوری طور پر نوٹیفائی کرنے اور تحقیقات کے سلسلے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments