آزاد کشمیر میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ، رینجرز اہلکار شہید
آزاد کشمیر: (دنیا نیوز) سرساوہ تا تراڑ کھل سڑک کی کلیئرنس کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
سڑک کی کلیئرنس کے دوران مسلح افراد کے اسنائپرز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کے سپاہی شاہ نواز سینے پر گولی لگنے سے شہید ہوگئے، جبکہ لانس نائیک بلال کاندھے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق شہید رینجرز اہلکار سپاہی شاہ نواز کا تعلق خیرپور، سندھ سے تھا، علاقے میں آمد و رفت میں شدید مشکلات اور غذائی قلت کے باعث مقامی آبادی کے مطالبے پر بند راستے کھولنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا تھا۔
ماہرین کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف جدید اسلحے اور بارودی مواد کا استعمال باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی جانے والی دہشت گردی کے مترادف ہے، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اس بات کی غماز ہیں کہ ریاستی رٹ کا ہر حال میں قیام اور تحفظ ناگزیر ہے، جبکہ ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث مسلح عناصر کے خلاف فوری، سخت اور بلاامتیاز قانونی کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments