ڈھکن چوری ، پلاسٹک ری کمپوزٹ مین ہول کورز لگانے کافیصلہ

ڈھکن چوری ، پلاسٹک ری کمپوزٹ مین ہول کورز لگانے کافیصلہ

مالی وسائل کی دستیابی کیساتھ مرحلہ وار خریداری مکمل کی جائے گی:واسا انتظامیہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کی سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں مین ہول کورز کی چوری اور ٹوٹ پھوٹ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد واسا نے پرانی پالیسی پر دوبارہ عمل درآمد کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے اور قیمتی لوہے کے ڈھکن چوری ہونے سے بچانے کے لیے اب پلاسٹک ری کمپوزٹ مین ہول کورز لگائے جائیں گے ۔گلی محلوں میں روایتی آر سی سی مین ہول کورز کی جگہ آر پی سی یعنی پلاسٹک ری کمپوزٹ مین ہول کورز نصب کیے جائیں گے ، جو نہ صرف چوری کے خدشات کو کم کریں گے بلکہ ٹوٹ پھوٹ کی صورت میں بھی زیادہ مؤثر ثابت ہوں گے ۔ادارے نے رواں مالی سال کے دوران شہر بھر میں مزید بیس ہزار مین ہول کورز تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ، جبکہ خریداری کا عمل واسا کے پی اینڈ ایس ونگ کی جانب سے اسی ماہ شروع کیے جانے کا امکان ہے ۔منصوبے کے ابتدائی مرحلے کے لیے چار کروڑ اسی لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، جو نئے ایم آر ایس ریٹس کے مطابق تیار کیا گیا ہے ۔ واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مالی وسائل کی دستیابی کے ساتھ مرحلہ وار خریداری مکمل کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں