ریونیو جنریشن:سکیموں کے ماسٹر پلان میں تبدیلیوں کی منظوری
جوہر ٹاؤن کے بلاک ڈی ٹو میں پلاٹ 390کو پارکنگ پلازہ کیلئے مختص کرنیکافیصلہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے نے ریونیو جنریشن کے منصوبے کے تحت متعدد ہاؤسنگ سکیموں کے ماسٹر پلان اور لینڈ یوز میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ۔ فیصلے کے مطابق پلاٹ نمبر 118، 119، 124 اور 125 کو ایک اپارٹمنٹ سائٹ، پلاٹ نمبر 12، 13 اور 14کو دوسری، پلاٹ نمبر 15، 16اور 17کو تیسری جبکہ پلاٹ نمبر 18، 19اور 20کو چوتھی اپارٹمنٹ سائٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔ایم اے جوہر ٹاؤن کے بلاک ڈی ٹو میں پلاٹ نمبر 390کو پارکنگ پلازہ اور کمرشل فلورز کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جبکہ اس کے متبادل کے طور پر سوک سینٹر کے کار پارکنگ ایریا میں تقریباً دو، دو کنال پر مشتمل دو ریسٹورنٹ سائٹس قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ منصوبے کے تحت دونوں سائٹس کے سامنے دس میٹر پارکنگ اور عقب میں چھ میٹر چوڑا راستہ رکھا جائے گا۔فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر جوہر ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 10-بی کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، جس میں نیا پلاٹ نمبر 10-جے تقریباً چھ اعشاریہ پچانوے کنال رقبے پر مشتمل ہوگا اور اسے پارک کے ساتھ مسجد کے لیے مختص کیا جائے گا۔ اسی مرکز میں پلاٹ نمبر 10 کو بھی تقسیم کرکے تقریباً چار، چار کنال کے تین نئے کمرشل پلاٹس، نمبر 10، 10-ایچ اور 10-آئی، قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔اتھارٹی نے ایکسپو سینٹر کے قریب دو کنال اٹھارہ مرلہ غیر استعمال شدہ اراضی کو بھی پیٹرول پمپ سائٹ میں تبدیل کرنے کی منظوری دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments