شاہی قلعہ کا اکبری دروازہ دو صدیوں بعد کھلنے کیلئے تیار
بحالی مکمل، رواں سال دسمبر میں سیاحوں ، عام افرادکیلئے کھولنے کی تیاریاں
لاہور(آئی این پی )لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کے تقریبا ًدو صدیوں سے بند اکبری دروازے کو بحالی کاکام مکمل ہونے پر رواں سال دسمبر میں سیاحوں اور عام افراد کیلئے کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر کنزرویشن وجاہت خان کا کہنا ہے کہ اکبری دروازہ قلعے کی ابتدائی تعمیرات میں شامل ہے ، جسکے بعد قلعے کو مشرق سے مغرب کی جانب توسیع دی گئی اور مختلف ادوار میں دوسرے دروازے تعمیر کیے گئے مگر برطانوی حکومت نے اپنی انتظامی پالیسی اور طاقت کے اظہار کیلئے یہ دروازہ بند کر دیا تھا۔بحالی کا منصوبہ پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی، فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے اشتراک سے مکمل کیا گیا، منصوبے کے تحت عمارت کی زیریں منزل پر ٹکٹ گھر کیلئے کیبن، پہلی منزل پر تاریخی تصاویر اور دستاویزات کی گیلری جبکہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم قائم کیا جائیگا، وہیل چیئر ریمپ اور پارکنگ سہولت بھی فراہم کی جائیگی۔ شاہی قلعے کے انچارج اویس رضا کے مطابق اکبری دروازے کو دسمبر میں کھولنے کے بعد شہری اس تاریخی راستے سے بھی قلعے میں داخل ہو سکیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments