سموگ کی شدت برقرار ، 24 گھنٹے میں 7 ہزار مریض رپورٹ
شہریوں کی صحت بری طرح متاثر ،کورونا، انفلوئنزا ، فلو وائرس کی گردش بھی جاری
لاہور (ہیلتھ رپورٹر)لاہور میں سموگ کی شدت میں اضافہ برقرار ،شہریوں کی صحت بری طرح متاثر ہونے لگی،سموگ کیساتھ کورونا کے مختلف ویرینٹس، انفلوئنزا اور فلو وائرس کی گردش بھی جاری ہے مگر محکمہ صحت نے تاحال شہریوں کو ماسک کے استعمال کی ہدایت جاری نہیں کی ۔سموگ کے باوجود شہری ماسک کا استعمال نہیں کررہے۔ فلو اور چیسٹ انفیکشن جیسی علامات ظاہر ہونے لگیں۔ بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسم میں درد کی شکایات میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور کے 6 بڑے ہسپتالوں میں 7ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
میو ہسپتال میں فلو، انفلوئنزا اور کورونا جیسی علامات کیساتھ 17سو ،جناح ہسپتال میں 15سو اور سروسز ہسپتال میں11سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔ جنرل ہسپتال، گنگا رام اور چلڈرن ہسپتال میں بھی سینکڑوں مریض لائے گئے ۔طبی ماہرین کے مطابق سموگ میں موجود باریک زہریلے ذرات انسانی نظامِ تنفس کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ پی ایم 2.5 ذرات پھیپھڑوں کے انتہائی اندرونی حصوں تک پہنچ سکتے ہیں اور پھیپھڑوں کی حفاظتی رکاوٹ عبور کر کے خون میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ سموگ دمہ اور برونکائٹس کے مریضوں کی تکالیف میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے ۔ مسلسل سموگ کی زد میں رہنے سے پھیپھڑوں کی کارکردگی طویل مدت کیلئے متاثر ہونیکا خدشہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments