ذیابیطسی مائوں کے بچوں میں نقائص بڑھ جاتے :پروفیسر فرید
اعصاب متاثر ہونے یا پائوں میں السر ہو تو نوبت پیر کاٹنے تک آسکتی :ڈاکٹر مسعود اعصابی نقصانات سے بچنے کیلئے HBA1Cکا لیول7سے کم رکھا جائے :جاوید اقبال
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹرسے)سابق پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فرید ظفر نے جنرل کیڈر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ، ریٹائرڈ آرمی ڈاکٹرز ایسو سی ایشن اور فیملی فزیشنز کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تعاون سے شوگر سے ہونیوالے اعصابی نقصانات پر آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ حاملہ خواتین میں ذیابیطس سے نا صرف انکی صحت متاثر ہوتی ہے بلکہ ہونیوالے بچے میں پیدائشی نقائص کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔حرکت اور معمولات میں بے اعتدالی، خواراک میں ریفائینڈ شوگرز کا استعمال مرض میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔
جنرل کیڈر ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود شیخ نے کہا شوگر کا نامناسب کنٹرول اعصاب کو بری طرح متاثر کرتا ہے ، بڑی عمر کے افراد میں اعصابی علامات 5سال میں جبکہ چھوٹی عمر کے مریضوں میں علامات 5سے 10 سال میں ظاہر ہوتی ہیں۔شوگر کے مریضوں میں اگر پائوں میں سنسنا ہٹ کیساتھ ساتھ سوئیاں چھبنا شروع ہو جائیں یا تلوں میں آگ لگنے کا احساس ہو تو یہ خطر ناک علامت ہو سکتی ہے ، پائوں میں السر یا کسی اور زخم کا ہو نا خطرناک علامت ہے ، کنٹرول نہ کیا جائے تو نوبت پیر کاٹنے تک جا سکتی ہے۔
اگر مریض میں شوگر کبھی زیادہ اور کبھی بہت کم ہو جائے تو ذہنی اعصاب متاثر ہو نے سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت میں کمی یا الزائیمر کا مرض لاحق ہو سکتا ہے ۔بریگیڈئیر(ر)جاوید اقبال نے کہا اعصابی اور دماغی کمزوری سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ HBA1cکا لیول 7سے کم رکھا جائے ۔ شوگرسے ہونیوالے اعصابی نقصانات کو مکمل ختم تو نہیں کیا جا سکتا البتہ انکا کنٹرول ممکن ہے اور مزید اضافہ کو روکا جا سکتا ہے ۔ شوگرکو کنٹرول نہ کیا جاسکے تو اندرونی اعضا کی اعصابی کمزوری سے بلڈ پریشر کا مسئلہ بھی ہو سکتا ہے یا پھر نظام انہضام متاثر ہو سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments