باپ نے پسند کی شادی کرنیوالی بیٹی کے گھر پر حملہ کردیا

باپ نے پسند کی شادی کرنیوالی بیٹی کے گھر پر حملہ کردیا

کوٹ ادو( تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)پسند کی شادی جرم بن گئی،والدین کے خلاف عدالت میں بیان دے کر خاوند کے ساتھ جانے والی بیٹی کے گھر والد کا ساتھیوں کے ہمراہ دھاوا،گن پوائنٹ پربیٹی کواٹھانے کی کوشش، اہل علاقہ کے آنے پر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔

 تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی موضع ہنجرائی مستقل شرقی کے رہائشی غلام یاسین پرہاڑ نے گزشتہ سال کوٹ سلطان کے رہائشی جمیل اوکھراکی بیٹی طفشلہ بی بی سے عدالت کے ذریعے پسند کی شادی کی تھی ۔غلام یاسین کے خلاف جمیل اوکھرانے تھانہ دائرہ دین پناہ میں اغوا کا مقدمہ درج کرادیاتھا،عدالت میں طفشلہ بی بی نے والدین کے خلاف بیان دے کر خاوند کے ساتھ جانے کا بیان دیا جس کا جمیل اوکھراکو رنج تھا۔

گزشتہ روز جمیل اوکھرا اپنے دیگر ساتھیوں اصغر منجھٹہ،الیاس منجھوٹہ اور2نا معلوم کے ہمراہ بیٹی کے گھر داخل ہوگیا اور گن پوائنٹ پر بیٹی کو اٹھانے کی کوشش کی اور گھر والوں کی مزاحمت پر ہوائی فائرنگ شروع کر دی اور بیٹی کو گھسیٹ کر لے جا رہا تھا کہ شور پر اہل علاقہ اکٹھے ہو گئے جن کی مداخلت پر ملزمان اپناموٹرسائیکل چھوڑ کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے متاثرہ طفشلہ بی بی کے دیور محمد اشرف پرہاڑکی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں