ریلوے نیٹ ورک کی آن لائن فیول سسٹم پر منتقلی کا منصوبہ التوا کا شکار

ریلوے نیٹ ورک کی آن لائن فیول سسٹم پر منتقلی کا منصوبہ التوا کا شکار

ملتان(خبرنگارخصوصی)ریلوے حکام اخراجات میں کمی لانے کے لئے ریلوے نیٹ ورک کو آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کرنے میں ناکام ہو گئے ، دعوئوں کے باوجود اصلاحات پر عمل نہ کیا جا سکا۔

 ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کو فیول اور الیکٹریسٹی کی مد میں سالانہ اربوں روپے کے خسارے کا سامنا ہے ۔ جسے کم کرنے کے لئے ریلوے حکام کی جانب سے فیول اخراجات میں کمی لانے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا گیا، مگر تاحال اصلاحات پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا جا سکا۔ اصلاحات کے تحت ریلوے نیٹ ورک کو آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کیا جانا تھا، جبکہ فیول کے استعمال کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے فیول ٹریک مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کروایا جانا تھا۔ معلومات کے مطابق فیول سپلائی کے لئے مختلف آپشن پر غور کیا گیا، آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے رابطے کئے گئے ۔ مگر نتیجہ صفر نکلا اور یہ اصلاحات بدستور فائلوں تک محدود ہیں۔ اسی طرح ریلوے کالونیوں کے تمام رہائشی یونٹس میں الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے میٹر لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ ریلوے نیٹ ورک کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو تاحال تکمیل کے مرحلے تک نہیں پہنچ سکا۔ خیال رہے کہ ریلوے کو الیکٹریسٹی اور فیول کی مد میں سالانہ بنیادوں پر اربوں روپے خسارے کا سامنا ہے ۔ ریلوے کی رہائشی کالونیوں میں بجلی کے 25 ہزار میٹر لگانے کے ٹارگٹ کو 4 سال گزر جانے کے بعد بھی مکمل نہیں کیا جا سکا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں