فوڈ اتھارٹی کی پاپڑ فیکٹری، جوس کارنرز کیخلاف کارروائیاں

فوڈ اتھارٹی کی پاپڑ فیکٹری، جوس کارنرز کیخلاف کارروائیاں

ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان اور وہاڑی میں کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی پاپڑ فیکٹریز، کریانہ سٹورز اورجوس پلانٹ سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، 30 لٹر مضر صحت جوس۔۔۔

 15 کلو ملاوٹی مصالحہ جات، 10 کلو غیر معیاری آٹا، 5 کلو چربی اور 5 کلو مصنوعی مٹھاس تلف، بھاری مقدار میں سامان ضبط،جوس پلانٹ کی بہتری تک پروڈکشن بند کر دی گئی۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر روزانہ کی بنیاد پر بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے گلبرگ فیز 3 بوریوالا میں جوس پلانٹ پر کارروائی کی۔مشروبات کی معروف برانڈز کے نام سے لیبلنگ کی جا رہی تھی۔جوس،سامان ضبط کر کے مالکان کو بہتری تک کام سے روک دیا گیا۔ اسی طرح انڈسٹریل سٹیٹ میں سنیکس یونٹ کو خوراک کی تیاری میں ناقابل سراغ اجزاء کا استعمال کرنے ، کیمیکلز کا کوئی ریکارڈ نہ ہونے ، فوڈ آئٹمز کے قریب حشرات کی موجودگی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ کردیا گیا۔ اس کے علاوہ غلہ منڈی اور سبزی منڈی شجاع آباد میں 2 کریانہ سٹورز کو ملاوٹی سرخ مرچیں اور غیر معیاری ہلدی پاؤڈر فروخت کرنے پر 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ مزید زکریا ٹاؤن اور شالیمار کالونی میں 2 ہوٹلوں کو باسی آٹے کا استعمال کرنے ، پروسیسنگ ایریا میں گلی سڑی سبزیوں کی موجودگی پر 15، 15 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی ٹیمیں دن رات کوشاں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر مفت رابطہ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں