زیادہ پیداوار والے بیج متعارف کرانا وقت کا تقاضا،عاشق کرمانی

زیادہ پیداوار والے بیج متعارف کرانا وقت کا تقاضا،عاشق کرمانی

ملتان(وقائع نگار خصوصی )صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ کپاس، مکئی اور سویابین کے زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل بیج متعارف کرانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔۔۔

 جس کے بغیر فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بائر کمپنی کے وفد سے ایگریکلچر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کپاس اور مکئی کی جی ایم ٹیکنالوجی متعارف کروانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ موجودہ حکومت نے زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کے تحت 400 ارب روپے سے زائد کے میگا پروگرامز شروع کر دیئے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے خاص طور پر کپاس کی فصل میں سفید مکھی کا تدارک ایک بڑا چیلنج ہے جس کے لیے پرائیویٹ سیکٹر اور ریسرچ کے اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ زرعی پیداواری اہداف کے حصول اور فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے محکمہ زراعت اور پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا ۔ محکمہ زراعت پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے اور اس ضمن میں پرائیویٹ سیکٹر کی معاون پالیسیاں ترتیب دی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر بائر کراپ سائنسز کی ہیڈ نے کہا کہ کپاس اور سویابین کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بائیو ٹیکنالوجی کی جدید اختراعات کو اپنانا ہوگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں