پولیس ملازمین،عوامی جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم
لودھراں(سٹی رپورٹر )افسروں و اہلکار اورعوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران ممتاز نے پولیس لائن میں پولیس دربار کے انعقاد پر کیا۔ ڈی پی او نے پولیس اہلکاروں کے مسائل سن کر فوری حل کرنے کے لیے احکامات جاری کئے ۔پولیس دربار میں ڈی ایس پی رضوان خان ، ڈی ایس پی او سی ندیم افضال ، ایس ایچ اوز اور پولیس ملازمین و افسروں نے شرکت کی۔پولیس لائن میں لگائے جانے والے دربار کا مقصد پولیس اہلکاروں کے مسائل حل کرنا ، حوصلہ افزائی کرنا اور موٹیویشن فراہم کرنا تھا۔ڈی پی او نے جرائم کی روک تھام میں نمایاں کارکردگی دکھانے اور مثالی ڈیوٹی سر انجام دینے پر پولیس افسروں واہلکاروں کو شاباش بھی دی۔ڈی پی او کاکہنا تھا کہ محنتی اور ایماندار اہلکاروں کو ان کی بہترین ڈیوٹی کے اعتراف میں انعامات بھی دیے جائیں گے جبکہ ڈیوٹی میں سستی اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو اہلکار اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم سے عوام کی خدمت کرتے ہیں وہ ہماری فورس کی اصل طاقت ہیں اور ہر نمایاں کارکردگی ہمیشہ تعریف کی حقدار ہوگی۔ پولیس فورس کا ہر اہلکار ہماری طاقت ہے اور آپ کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے اور آپ کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ہر ضروری اقدام کریں گے تاکہ آپ مکمل توجہ کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دے سکیں۔ تمام اہلکار بہترین انداز میں ذمہ داری نبھائیں ۔اور عوام کے ساتھ اچھے اخلاق اور تعاون کا مظاہرہ کریں۔