فارمیسی مالکان ڈاکٹری نسخہ پر ادویات فروخت کریں،نوید اسلم

 فارمیسی مالکان ڈاکٹری نسخہ پر ادویات فروخت کریں،نوید اسلم

لودھراں (سٹی رپورٹر) میڈیکل سٹور ، فارمیسی مالکان ڈاکٹر کے نسخے پر ادویات فروخت کریں، صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔۔۔

ان خیالات کا اظہار ڈرگ کنٹرولر نوید اسلم نے میڈیکل سٹورز فارمیسی مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں میڈیکل سٹورز اور فارمیسی مالکان کے علاوہ سیکرٹری ڈی کیو سی بی وقار احمد اور ڈرگ انسپکٹر دنیا پور فیصل فاروق بھی شریک تھے ۔ڈرگ کنٹرولر نوید اسلم نے کہا کہ یہ اجلاس بڑھتی ہوئی دو نمبر ادویات اور نارکوٹیکس سٹیرائیڈ کی پوائنٹ پر بلائی گئی ہے ۔انہوں نے کیمسٹ حضرات سے کہا کہ آپ مستند ڈسٹری بیوٹر حضرات سے ہی ادویات خریدیں اور وارنٹی کو اچھی طرح چیک کر کے اپنے پاس سنبھال کر رکھیں تاکہ وقت آنے پر آ پ کے کام آئے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ میڈیکل سٹور فارمیسی کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے اور نارکوٹکس سٹیرائیڈ ادویات کسی مستند ڈاکٹر کے نسخے پر ہی فروخت کریں۔ سیکرٹری ڈی کیو سی بی وقار احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی دو نمبر ادویات ختم کرنے میں ہمارا ساتھ دیں باقاعدہ ڈسٹری بیوٹر سے ہی ادویات لیں چلتے پھرتے بندوں سے کسی قسم کی کوئی ادویات مت خریدی جائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں