زکریا یونیورسٹی:سی سی ٹی وی کیمرے خراب:طلبہ،رہائشیوں کی سکیورٹی داؤ پر

زکریا یونیورسٹی:سی سی ٹی وی کیمرے خراب:طلبہ،رہائشیوں  کی  سکیورٹی داؤ پر

ملتان(خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی میں سی سی ٹی وی کیمرے خراب، بائونڈری لگے کیمرے بھی اتار لئے گئے ،طلبا اوررہائشیوں کی سکیورٹی دائوپر لگ گئی ۔

تفصیل کے مطابق زکریایونیورسٹی میں 2018میں سیف کیمپس پراجیکٹ کے تحت زکریا یونیورسٹی میں سی سی ٹی کیمروں کی تنصب کا کام شروع کیاگیا تھا،ایچ ای سی کی طر ف سے دوسوسے زائد کیمرے لگائے گئے جس میں پی ٹی زی کیمرے بھی تھے جن کے لئے یونیورسٹی میں کنٹرول روم بنایا گیا اور اس کا لنک ضلعی کنٹرول روم سے بھی منسلک کیاگیا مگر بعد ازاں سکیورٹی کیمروں کی منٹی ننس نہ کی جاسکی ،چھ برسوں میں یہ کیمرے خراب ہوگئے جبکہ کچھ کیمرے بائونڈری وال سے اتار کر رہائشی کالونیوں میں نصب کردیئے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یونیورسٹی کا کیمرہ سسٹم مکمل طورپر فلاپ ہوچکا ہے ۔نصف سے زائد کیمرے خراب ہوچکے ہیں اوربند پڑے ہیں جن کی مرمت کے لئے فنڈز درکار ہیں جبکہ باونڈری وال پر سکیورٹی کے لئے سکیورٹی ٹاور بھی ویران پڑے ہیں جس کی وجہ سے کیمپس کی سکیورٹی دائو پرلگی ہے ۔ اس بارے میں یونیورسٹی کے آر اوپروفیسرڈاکٹرمقرب اکبر کاکہنا تھا کہ یونیورسٹی کی سکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے ،تین سال قبل سابق وائس چانسلر کے دورمیں بائونڈر ی پرلگے تار چوری ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہاں پر نصب کیمرے بند پڑے تھے اور ان کے چوری ہونے کا امکان تھا جس پران کو اتار کرمحفوظ کیاگیا بعد ازاں ان کیمروں کو رہائشی کالونیوں اور اہم پوائنٹس پر نصب کردیاگیا جبکہ ابھی 40 سے زائد کیمرے باقی ہیں جن کی تنصیب کی جانی ہے بائونڈری پر لگنے والے تار بہت مہنگے تھے ایچ ای سی نے معاہدے کی رو سے دو کروڑ روپے کاتخمینہ بنایا تھا جوفنڈز کی کمی کی وجہ سے پورا نہ کیا جاسکا۔ایچ ای سی سے معاہد ہ آئندہ برس ختم ہوجائے گاجس کے بعد یونیورسٹی کنٹرول ریٹ پر کم فنڈز میں خود کیبل بچھوا کر کیمرے فعال کرے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں