ڈاکٹر سیمل بخاری جنوبی پنجاب کی پہلی خاتون نیوروسرجن
لودھراں (سٹی رپورٹر)نیوروسرجن میڈیکل شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور ، ڈاکٹر سیمل بخاری نے جنوبی پنجاب کی پہلی خاتون نیوروسرجن بن کر ایک نیا باب رقم کردیا۔
ان کی یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور عزم کی عکاس ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے ،ڈاکٹر بخاری نے نیوروسرجری جیسے مشکل اور مہارت طلب شعبے میں اپنی جگہ بنائی جو غیر معمولی محنت اور مسلسل جدوجہد کا تقاضا کرتا ہے ، ان کا عزم اور حوصلہ نوجوان خواتین کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ جذبے اور مستقل مزاجی کے ساتھ ہر خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے ۔ڈاکٹر بخاری کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ میری کامیابی دیگر خواتین کو یہ حوصلہ دے کہ کوئی بھی خواب ناممکن نہیں، ہم اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر آگے بڑھ سکتے ہیں اور نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر بخاری کی کامیابی کو ملک بھر میں سراہا جا رہا ہے ، طبی ادارے اور خواتین کی تنظیمیں انہیں ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کر رہی ہیں، وہ نہ صرف اپنے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہیں بلکہ آئندہ نسل کی خواتین کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہیں۔