شہر میں آوارہ کتوں کا راج،تلف کرنے کی مہم شروع نہ ہوسکی
ملتان(کورٹ رپورٹر)شہر میں آوارہ کتوں کا راج ضلعی انتظامیہ کتا مار مہم شروع نہ کر سکی۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران درجنوں شہری کتوں کے کاٹنے کا شکار ہوئے ۔
نشتر ہسپتال میں کتے کاٹے کی ویکسین بھی نایاب شہریوں کی اکثریت باہر سے ویکسین خریدنے پر مجبور ہو گئی۔ضلعی انتظامیہ کی سستی کے باعث آوارہ کتوں کا کوئی سدباب نہیں کیا جا رہا جسکی وجہ سے شہر کے تقریبا تمام علاقوں میں آوارہ کتے کھلے عام پھر رہے ہیں جو کہ اکثر عورتوں اور بچوں کو کاٹ لیتے ہیں آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے انتظامیہ کے پاس فنڈز اور مین فورس دونوں ہی موجود ہیں تاہم انتظامی سستی اور نااہلی کی وجہ سے گزشتہ کئی سالوں سے کتا مار مہم شروع ہی نہیں ہو سکی ۔جس پر اب شہریوں کو بھی تشویش ہے ۔آوارہ کتے نہ صرف شاہراہوں پر بلکہ رہائشی علاقوں اور پوش ایریاز میں بھی گھومتے ہیں اور شہریوں کا شکار کرتے ہیں جس سے ان علاقوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے ۔دوسری طرف آوارہ کتوں کا شکار ہو کر نشتر ہسپتال میں ویکسین لگوانے جانیوالے شہری بھی اپنی جیب سے ویکسین لینے پر مجبور ہیں۔نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں کتے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث شہری باہر سے مہنگے داموں ویکسین لیتے ہیں جس سے انکی معاشی مشکلات بھی بڑھ گئیں ہیں۔شہریوں نے پنجاب حکومت سے اپیل کی ہے کہ آوارہ کتوں کو فوری تلف کیا جائے اور ہسپتالوں میں ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔