فرنیچر صنعت میں ترقی کے بے شمار مواقع :رمیش اروڑہ

 فرنیچر صنعت میں ترقی کے بے شمار مواقع :رمیش اروڑہ

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو کے 108 ویں ایڈیشن کا روزا بلانکا کنٹری کلب رائے ونڈ روڈمیں افتتاح کردیا۔

صوبائی وزیر نے ایکسپو کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور مقامی صنعت کاروں کی تخلیقی صلاحیتوں و دستکاری کی تعریف کی۔ انہوں نے سٹیک ہولڈرز کو پاکستانی فرنیچر کے معیار اور اسے عالمی منڈیوں میں موثر طریقے سے نمایاں کرنے پر زور دیا۔ انکا کہنا تھا پاکستان کی فرنیچر کی صنعت میں ترقی کے بے شمار مواقع ہیں، اگر ہم اس شعبے کی حمایت اور سرمایہ کاری کریں تو نہ صرف معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ اس کے ذریعے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ سی ای او پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپومیاں فیصل نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ایکسپو میں 100 سے زائد بہترین فرنیچر برانڈز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا یہ ایکسپو نوجوان ڈیزائنرز ومعماروں کے لئے مارکیٹ کے رجحانات دیکھنے اور اپنے جدید ڈیزائنز کو مزید تجربہ کار پیشہ ور افراد کے ساتھ نمائش کرنے کا ایک پلیٹ فارم بھی ثابت ہوگی ۔ نمائش میں حکومت پنجاب کے نمائندگان، کاروباری افراد، لاہور چیمبر آف کامرس کے اراکین، پنجاب اسمبلی اراکین، مختلف ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز اور فرنیچر کی صنعت کے اہم سٹیک ہولڈرز بھی وزٹ کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں