کامونکے :صفائی کے بل پر جھگڑا ، اہلکاروں کا دکانداروں پر تشدد
ریاض ، اویس ، سعید اور اسامہ پر ڈنڈوں سے وار ، ہسپتال منتقل ،اہلکار لقمان معطل
کامونکے (نامہ نگار )گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے پرائیویٹ افراد کی مدد سے ڈنڈوں کے وار کرکے دکاندار اور اس کے بھتیجوں کو شدید زخمی کردیا۔ گزشتہ روز سبزی منڈی روڈ پر ریاض اور اس کے بھتیجے اپنی کھلونوں کی دکان پر تھے کہ جی ڈبلیو ایم سی کے اہلکار رانا لقمان نے انہیں صفائی ٹیکس کی رسید دی۔ محمد ریاض کے بھتیجے اویس نے کہا کہ وہ صفائی خود کر اتے ہیں جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ رانا لقمان نے فون کرکے جی ڈبلیو ایم سی کے سپر وائزر قاسم اور 10سے زائد پرائیویٹ افراد کو بلایا اور ڈنڈوں سے حملہ کرکے محمد ریاض، بھتیجوں اویس، سعید اور اسامہ کو شدید زخمی کردیا، زخمیوں کو تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر محمد ریاض کو ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ ریفر کردیا گیا۔ جی ڈبلیو ایم سی کے پراجیکٹ ہیڈ محمد احتشام کا کہنا ہے کہ رانا لقمان کو معطل کرکے انکوائری شروع کردی گئی ہے ۔