ڈپٹی کمشنر وہاڑی کا دورہ میلسی، ستھرا پنجاب مہم کا جائزہ

میلسی (نامہ نگار )وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ستھرا پنجاب مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ۔
ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر نے میلسی کا دورہ کیا۔انہوں نے سالڈ ویسٹ کمپنی کے صفائی آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے مشینری،افرادی قوت کے کام اور گاڑیوں کے ویٹ سٹیشن کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے آئندہ ہفتے سے ویسٹ کی ڈور ٹو ڈور کولیکشن شروع کرنے کا حکم دیا اور صفائی ستھرائی کے کام کو بہتر بنانے کی ہدیت کی اور کہا کہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا پہلی ترجیح ہے ،شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے کام میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،تمام مشینری و عملہ متحرک رکھیں اور ڈمپر سے روڈز پر کوڑا کرکٹ نہیں گرنا چاہیے ۔انہوں نے ماڈل ریڑھی بازارکیلئے جگہ کی نشاندہی کی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ ریڑھی بازار بنانے کا مقصد شہر میں جگہ جگہ لگنے والی ریڑھیوں کو ختم کرنا ہے تاکہ تجاوزات کے خاتمہ اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوسکے ۔ماڈل ریڑھی بازار کیلئے اسسٹنٹ کمشنر میلسی مہر خلیل احمد پڑھیار کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ مظفر خان اور سالڈ ویسٹ منیجر ارسلان حمید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔