فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ،سویٹس شاپس ،فیکٹریوں کو جرمانے

ملتان (لیڈی رپورٹر)غیر معیاری خوراک کے خاتمے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عمیر حنیف کی سربراہی میں سویٹس اینڈ کنفیکشنری یونٹ، پاپڑ فیکٹری اور 4 ملک شاپس کی انسپکشن، 600 لٹر ملاوٹی دودھ، 80 کلو غیر معیاری کریم۔۔۔
اور 10 کلو ایکسپائری اجزاء تلف، سویٹس اینڈ کنفیکشنری یونٹ اور پاپڑ فیکٹری کو دو، دو لاکھ جبکہ 4 ملک شاپ کو 62 ہزار روپے جرمانہ عائد۔ تفصیلات کے مطابق کارروائیاں بستی واں چٹا، عثمان ٹاؤن سینٹرل جیل روڈ، بلال چوک اور 18 کلو میٹر خانیوال روڈ پر کی گئیں۔ پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار اور ایکسپائری کریم کی موجودگی پر بیکری کو بھاری جرمانہ کیا گیا۔ برتنوں اور بیکری کے سانچوں کی صفائی نہ ہونے ، اجزاء کی مکمل لیبلنگ نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔ کھلے اور غیر معیاری خام میٹریل کے استعمال پر پاپڑ فیکٹری کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ پروڈکشن ایریا میں جنک میٹریل کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بھاری جرمانہ کیا گیا۔ملاوٹی دودھ کی فروخت اور فریزر میں بدبودار کریم کی موجودگی پر ملک شاپس کو بھاری جرمانے کئے گئے ۔ ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ، کریم اور دیگر اشیاء میں مردہ حشرات بھی پائے گئے ۔ مضر صحت اشیاء کی تیاری و ترسیل کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ملاوٹ اور جعل سازی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔