مٹی سے بھری ٹرالیاں شہریوں کے لیے عذاب بن گئیں
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مٹی سے بھری ٹرالیوں کی بلا روک ٹوک آمد و رفت نے شہر کو گردوغبار میں لپیٹ لیا، اہم سڑکیں خاک آلود ہو گئیں۔۔
، شہری، مریض، بزرگ اور موٹر سائیکل سوار اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو شہر میں روزانہ سینکڑوں مٹی سے بھری ٹرالیاں بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے داخل ہو رہی ہیں، جن کے باعث نور شاہ روڈ، بخاری روڈ، سینما روڈ، شاہ جمال روڈ، مویشی منڈی روڈ اور مین جی ٹی روڈ مسلسل گردوغبار کی لپیٹ میں رہتی ہیں۔ ان سڑکوں سے گزرنے والے افراد کی آنکھوں میں مٹی چلے جانے سے حادثات معمول بن چکے ہیں جبکہ سانس کی بیماریوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔خصوصاً نور شاہ روڈ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں جوڈیشل کمپلیکس واقع ہے ۔ وکلا، ججز اور سائلین کو نہ صرف گردوغبار سے شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کے لباس، فائلیں اور ضروری کاغذات تک متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرالی مالکان مٹی کو ڈھانپنے کی زحمت نہیں کرتے اور انتظامیہ کی مکمل خاموشی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے ۔ نہ تو ٹریفک پولیس کارروائی کر رہی ہے ، نہ ہی ضلعی انتظامیہ اس سنگین مسئلے پر کوئی نوٹس لے رہی ہے ۔عوامی، سماجی اور وکلا حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سید منور عباس بخاری، اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل، ڈی ایس پی ٹریفک مظفرگڑھ اور ڈی پی او مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر مٹی سے لوڈ ٹرالیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور انہیں شہر میں داخلے سے روکا جائے ، وگرنہ کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے ۔