ڈی پی او مظفرگڑھ کے کوٹ ادو تھانوں کے اچانک دورے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈی پی او مظفرگڑھ سید غضنفر علی شاہ نے اتوار کے روز کوٹ ادو کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا جن میں تھانہ محمودکوٹ، سنانواں، سٹی کوٹ ادو، صدر کوٹ ادو اور دائرہ دین پناہ شامل ہیں۔
اس دوران انہوں نے فرنٹ ڈیسک کے ریکارڈ، تھانوں کی صفائی ستھرائی اور مال خانہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈی پی او نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور سائلین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی فوری حل کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ شریف شہریوں کے دل میں پولیس کی محبت اور احساسِ تحفظ پیدا ہونا چاہیے جبکہ شرپسند عناصر کے دل میں پولیس کا خوف ہونا لازمی ہے ۔ جرائم پیشہ افراد کا ٹھکانہ معاشرے میں نہیں بلکہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے ۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ شہریوں کو حقیقی انصاف تھانوں سے ہی فراہم کیا جائے گا اور پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور جارحانہ کارروائی جاری رکھے گی۔