ایس او ایس چلڈرن ویلیج میں جشنِ آزادی کی تقریب
ملتان (لیڈی رپورٹر) ملتان جیسمین لائنز کلب کے زیر اہتمام ایس او ایس چلڈرن ویلیج میں 14 اگست یومِ آزادی کی مناسبت سے شاندار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں میں قومی پرچم، جھنڈیاں اور بیجز تقسیم کئے گئے جبکہ پاکستان کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا۔بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے وطن سے اپنی محبت اور جذبہ حب الوطنی کا اظہار کیا۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے فضا میں گونجتے رہے ۔کلب کی صدر عاصمہ ارسلان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن آزادی صرف خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ یہ ہمیں اُن لاکھوں شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اس ملک کے حصول کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے ہمیں عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنا اور انہیں ملکی ترقی میں شمولیت کے لئے تیار کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔تقریب میں کلب کی سیکرٹری سعدیہ ملک، رفعت اعظم اور شہناز ذوالفقار سمیت دیگر خواتین ارکان بھی شریک ہوئیں۔