یوم آزادی پر بلاتعطل بجلی فراہمی،افسروں کی اضافی ڈیوٹیاں،شکایت مراکز فعال
ملتان (خصوصی رپورٹر) میپکو ریجن میں یوم آزادی کے موقع پر بجلی فراہمی کا سلسلہ جاری رہا اور صارفین کی شکایات کے بروقت اندراج اورازالے کے لئے تمام شکایات مراکز کھلے رہے ۔ جنرل منیجر آپریشن میپکو محمد اکرم سیال کی سربراہی میں میپکو ہیڈ کوارٹرکے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر میں بجلی فراہمی کی مانیٹرنگ کی ۔
ریجن کے تمام 11KVفیڈرز سے بجلی کی فراہمی کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہا ۔ آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز /ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل کنٹرول رومز میں خدمات سرانجام دیتے رہے ۔ میپکوریجن کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے مختلف سرکلوں کی سطح پر یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد ہوا جبکہ دفاتر کو برقی قمقموں سے سجایاگیا۔ میپکو بہاولپور سرکل میں سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن بہاولپور سرکل ملک محمد یعقوب گدارانے پرچم کشائی کی اور ملک کی سلامتی کے لئے دُعاکی ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی نے سرکل کمپلیکس میں پرچم لہرایا اور شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا۔ دیگر آپریشن سرکلوں میں بھی یوم آزادی کے موقع پر سرکل دفاتر میں پرچم کشائی کی گئی۔