کسانوں کا اس مرتبہ صرف اپنے لئے گندم کاشت کرنیکا فیصلہ

کسانوں کا اس مرتبہ صرف اپنے لئے گندم کاشت کرنیکا فیصلہ

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)چیئرمین تحصیل وہاڑی کسان اتحاد باٹھ گروپ غلام حسین کی رہائشگاہ پر اجلاس ہوا جس میں کسانوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اس مرتبہ صرف اپنے استعمال کے لئے گندم کاشت کرینگے ۔

مرکزی جنرل سیکرٹری چودھری افتخار احمد ایڈووکیٹ نے کہا پچھلے سال گندم کا ریٹ کم ہونے کی وجہ سے کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ، کم سے کم 3200پر من گندم کاشت پڑتی ہے ہم کسان کس طرح 2600 روپے من گندم فروخت کریں ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 5 ہزار کا پیکیج دیکر کسانوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتی۔تحصیل چیئرمین وہاڑی غلام حسین مہے نے کہ حکومت نے زراعت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ،بیج مافیا نے اعلیٰ افسروں کیساتھ ملکر ناقص زرعی اجناس مارکیٹ میں لائی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے فصل کی اوسط پیداوار بالکل ختم ہو گئی ہے ، حکومتی ناقص پالیسیوں سے کسان معاشی طور پر تباہ ہوچکا ہے ، آئے روز ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔صدرکسان اتحاد یوتھ ونگ حافظ اویس چودھری نے کہا کسان موجودہ حکومت کی ظلم کی چکی میں پس رہا ہے ، کسانوں کو کوئی ریلیف نہیں ملا، کھاد، ڈیزل،بجلی اور زرعی ادویات کی قیمتوں کو فوری کم کیا جائے ۔کسان رہنما محمد حسین دولتانہ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے زرعی شعبہ کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ، ہم نے اس سال اپنی زمینیں خالی چھوڑ دی ہیں، صرف اپنے استعمال کیلئے گندم کاشت کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں