غریب خاندان کے مکان پر قبضہ کی کوشش،قتل کی دھمکیاں
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)نواحی گاؤں168 دس آر میں بااثر شخص کی طرف سے غریب خاندان کے ملکیتی مکان پر قبضہ کی کوشش اور قتل کی دھمکیاں دینے پر متاثرین کا پر امن احتجاج۔۔۔
ڈی پی او اسماعیل الرحمن کھاڑک سے نوٹس لینے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ۔سیف الرحمن ولد عبد الحمید کمبوہ نے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چک نمبر 167دس آر کا رہائشی آصف شاہ ان کے ملکیتی چھ مرلہ مکان پر ناجائز قبضے کی کوشش کر رہا ہے ، قبضہ ناکام ہونے پر اس نے قتل سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں۔مظاہرین نے بتایا کہ مذکورہ مکان اور زمین وراثتی طور پر ان کے نام ہے لیکن آصف شاہ ولد حامد شاہ زبردستی قبضے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ان کے مطابق ملزم بااثر ہے اور انہیں مسلسل خطرات لاحق ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ ان کا احتجاج مکمل طور پر پرامن ہے اور وہ صرف اپنے وراثتی حق کے تحفظ کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بااثر شخص غیر قانونی حربے استعمال کر کے انہیں دبانے اور خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔