موٹرسائیکل سوار 27سالہ نوجوان کنویں میں گر کر لاپتہ
ملتان (کرائم رپورٹر)جلالپور کے علاقے میں 27 سالہ نوجوان موٹرسائیکل سمیت کنویں میں گر کر لاپتہ ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان سانول دودھ لے کر دیہات سے شہر کی طرف جا رہا تھا۔ جب وہ بستی شاہ والی کھوئی کے قریب پہنچا تو اچانک موٹرسائیکل کا توازن بگڑنے سے وہ گہرے کنویں میں جا گرا۔ موقع پر موجود لوگوں نے پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جدید آلات اور عملے کی مدد سے نوجوان کو نکالنے کے لئے آپریشن شروع کیا تاہم کئی گھنٹوں کی کوشش کے باوجود نوجوان کو تاحال باہر نہیں نکالا جا سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن مکمل ہونے تک اہلکار موقع پر موجود رہیں گے ۔