شوق میں اسلحہ کیساتھ بنائی تصویر عذاب بن گئی، محمد حفیظ
دوکوٹہ(نامہ نگار) نواحی چک نمبر 145ڈبلیو بی کے رہائشی محمد حفیظ ولد محمد اقبال قوم سوہلہ نے معززین علاقہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوق میں کی گئی ایک غلطی اب ان کیلئے عذاب بن چکی ہے ۔
کچھ عرصہ قبل کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران چند تماشائیوں نے انہیں اسلحہ کے ساتھ تصویر بنوانے کا کہا جس پر انہوں نے ان کی رائفل پکڑ کر موبائل سے تصویر بنوا لی۔ چند ماہ قبل بچوں نے وہ تصویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی، جس پر تھانہ ٹبہ سلطان پور میں مقدمہ نمبر 897/25درج ہوگیا۔ حفیظ نے کہا کہ وہ ضمانت پر ہیں لیکن پولیس اہلکار انہیں مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹریکٹر ٹرالی چلا کر مزدوری کر کے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پال رہا ہے۔ میں شریف شہری ہوں ، آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی سے اپیل ہے کہ انہیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔