سموگ آگاہی سیمینار اور واک کا خانیوال میں انعقاد
طلبہ میں سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسکس تقسیم ،شجرکاری بھی کی گئی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سموگ سے بچاؤ اور عوامی آگاہی کی مہم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ خانیوال کی جانب سے آگاہی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن کے پی ایس ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان کی ہدایت پر خانیوال پبلک اسکول اینڈ یونیورسٹی کالج میں سموگ سے متعلق آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خالد عباس سیال، اسسٹنٹ کمشنر روہت کمار گنیتا، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سرفراز انجم، پرنسپل حافظ راشد سعید رانا سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مقررین نے سموگ کے مضر اثرات اور احتیاطی تدابیر پر گفتگو کی۔ طلبہ میں سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسکس تقسیم کیے گئے اور شجرکاری بھی کی گئی۔ واک میں شرکاء نے سموگ کے خاتمے اور ماحول کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم ظاہر کیا۔