کردار سازی سے کرپشن کا مقابلہ کیا جاسکتا،کلثوم پراچہ

کردار سازی سے کرپشن کا مقابلہ کیا جاسکتا،کلثوم پراچہ

نوجوان ملک کا مستقبل،شفاف جوابدہ معاشرے کی تشکیل میں کردار نبھائیں

ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف جنگ میں نوجوانوں کا کردار کے موضوع پر بین الکلیاتی آگاہی مقابلہ منعقد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ تقریب بین الاقوامی انسداد بدعنوانی دن کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام چلنے والی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے تعاون سے منعقد ہوئی۔مقابلے کا مقصد طالبات میں دیانت داری، شفافیت، قومی ذمہ داری اور بدعنوانی کے خاتمے کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ اس میں مضمون نویسی، تقریر، پوسٹر سازی اور پینٹنگ کے مقابلے شامل تھے جن میں مختلف شعبہ جات کی طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فکری گہرائی سے کرپشن کے معاشرتی و اخلاقی نقصانات کو اجاگر کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ کرپشن صرف معاشی نہیں بلکہ اخلاقی بحران ہے ، جس کا مقابلہ تعلیم اور کردار سازی سے ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں شفاف و جوابدہ معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈپٹی ڈائریکٹر نیب علی ناصر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعم خان نے ویمن یونیورسٹی کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ نیب ہر سال ایسے پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں میں ایمانداری اور شفافیت کے فروغ کیلئے سرگرم رہتا ہے ۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو اسنادِ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں