پاکستان سرائیکی پارٹی نے صوبہ سرائیکستان کے قیام پر زور

پاکستان سرائیکی پارٹی نے صوبہ سرائیکستان کے قیام پر زور

اجلاس میں پارٹی قیادت نے عوامی رابطہ اور تنظیم سازی مہم کا آغاز کیا

ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان سرائیکی پارٹی ملتان شہر کا اجلاس صدر محمد اجمل خان بادوزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہمانان خصوصی چیف آرگنائزر احمد نواز سومرو، ڈویژنل صدر مہر ربنواز چاون اور ضلعی صدر محمد صادق خان ساوند نے شرکت کی۔ سینئر نائب صدر ارشاد عباسی، نائب صدر علیم خان نیازی، جنرل سیکرٹری ملک محمد طاہر بھٹہ، ڈپٹی سیکرٹری محمد فیاض ڈاہا، سیکرٹری اطلاعات ملک عامر، غلام عباس ڈاہا اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اجمل خان بادوزئی نے کہا کہ پاکستان سرائیکی پارٹی سرائیکی قوم کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور صوبہ سرائیکستان کے قیام کے لئے 37سال سے جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملتان کی تمام یونین کونسلز میں پارٹی یونٹس قائم کئے جائیں گے اور بھرپور ممبرشپ اور عوامی رابطہ مہم شروع کر دی گئی ہے۔

احمد نواز سومرو نے کہا کہ سرائیکی خطے میں رہنے والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ صوبہ سرائیکستان کے بغیر حقوق نہیں مل سکتے ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے سرائیکی قوم کی شناخت کو نظر انداز کرنے اور جنوبی پنجاب کے نام کا خود ساختہ لیبل لگانے کی مخالفت کی۔مہر ربنواز چاون نے بانی پاکستان سرائیکی پارٹی رہبر بیرسٹر تاج محمد لنگاہ کے نظریے کے مطابق سرائیکی قوم کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ ضلعی صدر محمد صادق ساوند نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ تنظیم سازی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔اجلاس میں چیئرپرسن ڈاکٹر نخبہ تاج لنگاہ، ملک اللہ نواز وینس اور سید خلیل بخاری کی قیادت میں صوبہ سرائیکستان کے قیام تک پارٹی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور عنقریب ضلع ملتان کا اہم اجلاس منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں