وکلاء کے گھروں پر چھاپے بند کئے جائیں، ہائی کورٹ بار
نائب صدر حافظ شعیب قریشی کا پولیس کو انتباہ،احتجاج کا عندیہ دیدیا
ملتان (کورٹ رپورٹر)ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے نائب صدر حافظ محمد شعیب قریشی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ وکلاء کے گھروں پر چھاپے مارنے اور انہیں گرفتار کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ، بصورت دیگر بار ایسوسی ایشن اور بار کونسل شدید ردعمل دینے پر مجبور ہوں گی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی وکیل کے خلاف کوئی قانونی کارروائی درکار ہو تو اس سے قبل متعلقہ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو اعتماد میں لیا جائے ۔ بغیر اطلاع اور مشاورت کے وکلاء کو ہراساں کرنا ناقابل قبول ہے ۔حافظ شعیب قریشی نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو یہ بنیادی حق دیتا ہے کہ وہ اپنی من پسند سیاسی جماعت یا تنظیم میں شامل ہو۔
کسی بھی وکیل کو اس کی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نشانہ بنانا، اس کے گھر پر چھاپہ مارنا یا اسے ہراساں کرنا آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے وکلاء کو حراست میں لینے اور ان کے گھروں پر چھاپے مارنے کے واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے متحد ہے ۔ اگر ایسے اقدامات بند نہ کئے گئے تو آئندہ لائحہ عمل طے کر کے بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری پولیس اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔