الائیڈ ہیلتھ کونسل نے بی ایس بائیو ڈگریز پر پابندی لگادی
صرف میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی ڈگری ہولڈرز رجسٹریشن کے اہل ہوں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بی ایس بائیو کیمسٹری، مائیکرو بائیولوجی اور بائیوٹیکنالوجی کے ڈگری ہولڈرز اب کونسل میں رجسٹریشن کے اہل نہیں ہوں گے ۔ یہ فیصلہ کونسل کے 11 ویں اجلاس میں کیا گیا اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔کونسل کے مطابق رجسٹریشن صرف اُن امیدواروں کو دی جائے گی جن کے پاس میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کی ڈگری ہو۔ 16 سالہ تعلیم رکھنے والے بی ایس بائیو کیمسٹری، مائیکرو بائیولوجی، بائیوٹیکنالوجی یا متعلقہ شعبوں کے گریجویٹس رجسٹریشن کے حقدار نہیں ہوں گے۔
کونسل نے واضح کیا کہ رجسٹریشن صرف ایک ہی متعلقہ ڈسپلن کی بنیاد پر دی جائے گی ۔تاکہ شعبہ صحت میں پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھا جا سکے ۔ اس اقدام کا مقصد صحت کے شعبے میں مہارت اور قابلیت کے معیار کو بلند کرنا ہے ۔نوٹیفکیشن کی کاپی کونسل کے صدر، تمام ارکان اور وزارتِ صحت کے اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہے تاکہ قانون کے مطابق اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے ۔کونسل کی یہ پالیسی مستقبل میں صحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ معیار کو مضبوط بنانے اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے اہم قدم قرار دی گئی ہے ۔