میاں چنوں ،نیو سبزی منڈی لنک روڈ کی تعمیر دو سال سے زیرالتوا
گڑھے ،پانی کے تالاب بن گئے ،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا،نوٹس کا مطالبہ
میاں چنوں (تحصیل رپورٹر) جی ٹی روڈ سے کرامت موڑ تک بننے والی نیو سبزی منڈی لنک روڈ کی تعمیر تاخیر کا شکار، دو سال گزرنے کے باوجود سڑک کا کام مکمل نہ ہو سکا جبکہ زیر تعمیر روڈ گڑھوں اور پانی کے تالابوں میں تبدیل ہو چکی ہے ،مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔تفصیلات کے مطابق میاں چنوں میں نیو سبزی منڈی کو شہر سے منسلک کرنے کے لیے جی ٹی روڈ سے کرامت موڑ تک سڑک کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، تاہم ٹھیکیدار کی عدم توجہی کے باعث کام طویل عرصے سے رکا ہوا ہے ۔ سڑک کی خراب حالت کے سبب 126 پندرہ ایل کے رہائشیوں سمیت روزانہ آنے جانے والے سینکڑوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ سیوریج اور بارش کے پانی سے تالاب بننے کی وجہ سے پیدل چلنا اور گاڑیوں کا گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ متعدد بار متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار سے رابطہ کیا گیا لیکن تاحال تعمیراتی کام دوبارہ شروع نہیں ہو سکا۔عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سڑک کی خستہ حالت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر تعمیراتی کام جلد مکمل کرایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔