ڈپٹی کمشنر کا کوٹ ادو میں ترقیاتی منصوبوں اور بیوٹیفکیشن کا معائنہ
فلائی اوور ، میونسپل کمیٹی روڈ منصوبے مقررہ مدت اور اعلیٰ معیار سے مکمل کرنے کی ہدایت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے فلائی اوور منصوبے اور میونسپل کمیٹی روڈ کے بیوٹیفکیشن سے متعلق تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں و ٹھیکیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے فلائی اوور منصوبے پر جاری کام، معیارِ تعمیر اور مجموعی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کی بروقت تکمیل سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر ہوں گی۔
انہوں نے سائٹ پر موجود انجینئرز سے بریفنگ لی، تعمیراتی سامان کے معیار کو چیک کیا اور سکیورٹی و حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی روڈ کے بیوٹیفکیشن منصوبے کا بھی دورہ کیا، جہاں میونسپل کمیٹی کے افسر محمد عثمان نے انہیں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ریلوے چوک کے بیوٹیفکیشن کا کام باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت جلد شروع کیا جائے اور ڈیزائن و معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہر کی خوب صورتی میں اضافہ ہو۔