ملتان میں مستحقین میں نگہبان راشن کارڈ تقسیم

ملتان میں مستحقین میں نگہبان راشن کارڈ تقسیم

ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر مالی و غذائی ریلیف فراہم کر رہی ،ڈی سی

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ ضلع ملتان میں مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر وزیر اعلیٰ پنجاب کے نگہبان راشن کارڈ تقسیم کر رہی ہیں۔ یہ اقدام حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شفاف اور منظم انداز میں جاری ہے تاکہ حقیقی حقداروں تک سہولت براہِ راست پہنچ سکے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی تشکیل دی گئی خصوصی ٹیمیں شہری و دیہی علاقوں میں فہرستوں کے مطابق کارڈ تقسیم کر رہی ہیں اور اس عمل کی مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کو فوری مالی و غذائی سہولت فراہم کرنا ہے ۔محمد نعمان صدیق نے مزید بتایا کہ نگہبان راشن کارڈ کے ذریعے 10 ہزار روپے براہِ راست اکاؤنٹس میں منتقل کئے جائیں گے ۔ شفافیت برقرار رکھنے کے لئے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ درست معلومات فراہم کریں اور کسی بھی غیر قانونی کٹوتی یا بدعنوانی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ عوامی ریلیف پروگرام کے ثمرات بلا رکاوٹ مستحقین تک پہنچ سکیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں