سکولوں کے تعمیراتی منصوبوں کے گرد سکیورٹی حصار قائم کرنیکا حکم
طلبہ کی رسائی پر پابندی، ذمہ دار استاد کو ڈیوٹی پر مامور کرنیکی ہدایت، کوئی واقعہ رونما ہوا تو چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ذمہ دار ہوگی، ایس اوپیز جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)سکولوں میں جاری تعمیراتی پراجیکٹس کے گرد سکیورٹی حصار قائم کرنے کاحکم، نئے ایس اوپیز جاری کردیئے گئے تفصیل کے مطابق محکمہ سکولز نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں جاری اور مجوزہ تعمیراتی کاموں کے حوالے سے سخت حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں مراسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں جہاں تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں یا شروع کی جانی ہیں، وہاں تعمیراتی مقامات کو مکمل طور پرحفاظتی گھیرے میں لیا جائے گا تاکہ طلبہ کی رسائی ممکن نہ ہو ہر تعمیراتی سائٹ پر ایک ذمہ دار استاد کی ڈیوٹی لگانا لازمی ہے جو حفاظتی اقدامات کی نگرانی کرے گا مزید برآں اس امر کو یقینی بنائے گا کہ کوئی بھی طالب علم تعمیراتی جگہ کے قریب نہ جا سکے اگر کوئی واقعہ رونما ہوگیا تو متعلقہ ضلع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور اس عمل کو مجرمانہ غفلت تصور کیا جائے گا تمام ضلعی افسروں کو ہدایات پر لفظاً اور روحاً عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔