پیپلزپارٹی کا آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر افسوس
امریکی و اسرائیلی حملے کی مذمت، عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین نے مشترکہ بیان میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کو نشانہ بنائے جانے کی خبر پر پارٹی کارکنان اور عہدیداران صدمے میں ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ وہ ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہداء کے لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ آیت اللہ خامنہ ای مسلم دنیا کی ایک بااثر شخصیت تھے جنہوں نے طویل عرصے تک ایران کی سیاسی و فکری سمت کا تعین کیا۔ رہنماؤں نے حملے کو ریاستی خودمختاری کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب ممالک کی خودمختاری کا احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جائے ۔