عقیدہ ختم نبوت، ناموس رسالت کا تحفظ کرینگے ،ناصرالدین
قوانین میں کسی قسم کی ترمیم قبول نہیں، زیر التوا عدالتی کیسز نمٹائے جائیں
ملتان (کرائم رپورٹر)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں اسلامی ممالک کو نشانہ بنانے سے باز رہیں اور قادیانیوں کی تبلیغی سرگرمیوں پر سخت کارروائی کی جائے ۔ مجلس منتظمہ کا اجلاس امیر حافظ محمد ناصر الدین خان خاکوانی کی زیر صدارت اور مرکزی مبلغین کا سہ ماہی اجلاس مولانا اللہ وسایا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں مولانا عزیز الرحمٰن جالندھری، مولانا محمد اسماعیل ، مولانا محمد راشد مدنی اور دیگر متعدد علماء نے شرکت کی۔ گزشتہ سہ ماہی میں وفات پانے والے حضرات کے لئے ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔
شرکاء نے ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت کا عزم کیا اور کہا کہ مسلمانان پاکستان مذکورہ قوانین میں کسی ترمیم کو قبول نہیں کریں گے ۔اجلاس میں حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ اعلیٰ عدالتوں میں ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کے زیر التواء کیسز کے فیصلے جلد کریں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ مجلس کی سہ سالہ ممبر سازی جون تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شعبہ نشرواشاعت کی کارکردگی کی تعریف کی گئی، جس نے اب تک بیسیوں کتب شائع کی ہیں۔