بزرگان دین کی تعلیمات امن اتحاد کی پیامبر، احسان بھٹہ
ملتان، وہاڑی(وقائع نگار خصوصی، نمائندہ خصوصی)سیکرٹری حکومت پنجاب و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ملتان میں حضرت شاہ شمس تبریزؒ، حضرت بہاؤالدین زکریاؒ، حضرت شاہ رکن عالمؒ اور حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے مزارات پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی خوشحالی و استحکام کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ عظیم صوفی بزرگوں کی لازوال تعلیمات روحانی روشنی، ہمدردی اور عالمی ہم آہنگی کا راستہ دکھاتی ہیں، جبکہ بزرگان دین کی تعلیمات انسانیت کے لئے امن اور اتحاد کا پیغام دیتی ہیں۔ حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے مزار پر انہوں نے پانی کے فلٹریشن پلانٹ اور شکایات رجسٹر کا جائزہ لیا اور زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سروس کی فراہمی بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ سیکرٹری نے نئے زونل ایڈمنسٹریٹر آفس اور لنگر خانہ کے جاری کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ جو والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیر اہتمام تعمیر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کام کی رفتار تیز کرنے اور اسے دو ماہ میں پی سی ون کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے حضرت شاہ رکن عالمؒ اور حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے مزارات پر جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ تمام منصوبے چھ ماہ میں مکمل کئے جائیں۔