میٹرک امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی
ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کے لیے سہولیات اور نظم و ضبط کا تفصیلی معائنہ کیا
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق میٹرک امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خانیوال میں امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ مرکز کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلبہ کے لیے سہولیات، نظم و ضبط اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امتحانی مراکز میں سکیورٹی، شفافیت اور بنیادی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔ نقل کے سدباب کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے ۔ طلبہ کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔دورہ کے دوران کالج کی عمارت اور لانز کی حالت بھی دیکھی گئی اور انہیں بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ امتحانات بغیر کسی خلل کے مکمل ہوں۔