انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس کی سالگرہ پر تقریب کا اہتمام
فورس نے ایئر کوالٹی انڈیکس200پر منجمد کیا ، طاہر عباس سیال
ملتان (لیڈی رپورٹر)انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس کے قیام کو ایک سال مکمل ہونے پر ایوانِ تجارت و صنعت ملتان میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں فورس کی کارکردگی کو سراہا گیا، کیک کاٹا گیا اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر ایوان میاں بختاور تنویر شیخ تھے ، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس طاہر عباس سیال، ایس پی سیف سٹی نصراللہ اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ طاہر عباس سیال نے بتایا کہ فورس نے مؤثر حکمت عملی کے تحت ایئر کوالٹی انڈیکس کو 200 سے اوپر جانے سے روکے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ اینٹی سموگ مہم، شجرکاری اور عوامی آگاہی پروگرامز کے ذریعے ماحول دوست شعور اجاگر کیا گیا۔ سروس اسٹیشنز پر واٹر ری سائیکلنگ سسٹم، تعلیمی اداروں میں ڈسٹ بنز کی تنصیب اور رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک کا قیام بھی اہم اقدامات میں شامل ہیں۔ صدر ایوان میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کیلئے صنعتی بوائلرز کو کور کرنا، بھٹہ خشت میں زگ زیگ ٹیکنالوجی اپنانا اور ٹرانسپورٹ کے دھوئیں پر قابو پانا ضروری ہے ۔ انہوں نے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ پر بھی زور دیا۔دیگر مقررین نے ماحول کے تحفظ کو مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔