پرائیویٹ سکولوں نے سمر کیمپ کی اجازت مانگ لی
تعلیمی نقصان پورا کرنے کیلئے صبح سات سے دس بجے کلاسز کی تجویز
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں پرائیویٹ سکولوں نے گرمی کی چھٹیوں کے دوران تعلیمی نقصان پورا کرنے کیلئے سمر کیمپ لگانے کی اجازت مانگ لی ہے ۔سکول مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت گرمی کی چھٹیوں میں ارلی مارننگ سمر کیمپ لگانے کی اجازت دے تاکہ طلبہ کی پڑھائی کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے ۔ ان کے مطابق صبح 7 بجے سے 10 بجے تک سمر کیمپ منعقد کیا جائے تاکہ طلبہ گرمی کی شدت سے بھی محفوظ رہیں۔سکول انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حالیہ غیر اعلانیہ چھٹیوں کے باعث نصابی سرگرمیوں کا دورانیہ متاثر ہوا، جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی ہے ۔ سمر کیمپ کے ذریعے لرننگ لاس کم کرنے میں خاطر خواہ مدد مل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اضافی تدریسی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کے تعلیمی نقصان کا کافی حد تک ازالہ کیا جا سکتا ہے ، اس لئے سمر کیمپ کی منظوری ضروری ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق ہر سال ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ لگانے کی اجازت دی جاتی رہی ہے۔